درس کی تحریر: وضو كے فضائل ومسائل
اَلْحَمْدُ لِلّٰەِ وَکَفٰی وَسَلَامٌ عَلَی عِبَادِہِ الَّذِیْنَ اصْطَفٰی۔ رَبِّ أَعُوذُ بِكَ مِنْ هَمَزَاتِ الشَّيَاطِينِ ۔ وَأَعُوذُ بِكَ رَبِّ أَنْ يَحْضُرُونِ۔
ہمارے نبی محترمﷺ نے ہمیں ایسے ایسے آسان، سہل، چھوٹے چھوٹے، پیارے پیارے اعمال بتائے ہیں جن کا اجر و ثواب ہمارے تصور سے بھی زیادہ ہے۔ اللہ مالک کی توفیق سے آج ایک ایسا ہی عمل، اس کے بارے میں سنتے ہیں۔ خدا کرے کہ وہ پہلے سے ہی میری اور آپ کی ذندگی کاحصہ ہو اور اگر نہ ہو تو اللہ کرے کہ وہ ہماری ذندگیوں کا حصہ بن جائے۔ امامِ ترمزیؒ نے سیدنا امیر المؤمنین عمر بن خطابؓ سے روایت کیا، نبی کریمﷺ نے فرمایا:
من توضأ فاحسن الوضوء ثم قال اَشْہَدُ اَنْ لَااِلٰہَ اِلَّا اللَّہُ وَحْدَہ لَا شَرِيْکَ لَہ وَاَشْہَدُاَنَّ مُحَمَّداًعَبْدُہ وَرَسُوْلُہ اَللّٰہُمَّ اجْعَلْنِیْ مِنَ التَّوَابينَ وَاجْعَلْنِیْ مِنَ الْمُتَطَہِّرِينَ فتحت لہ ثمانیۃ ابواب من الجنۃ یدخل من ایہا شاء ۔
عن سیدنا امیر المؤمنین عمر بن خطابؓ، رواہ ترمذی
تو کیا ہوتا ہے اس کے لیے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دیے جاتے ہیں، جس سے چاہے جنت میں داخل ہو جائے۔ اب دیکھیئے کام کتنا ہے۔۔۔ وضو کرنا اچھا وضو کرنا اور پھر یہ دو سطری دعا کا پڑھنا اس میں کیا خرچ جاتا ہے، کیا مشقت ہوتی ہے، کتنا وقت صرف ہوتا ہے؟ نہ کوئی مشقت، نہ کوئی مالی خرچ، اور نہ ہی کوئی لمبا وقت۔ ساری کاروائی دو تین منٹ کی۔ اور جب یہ بات صرف اچھے وضو پر اور اس کے بعد یہ دعا پڑھنے پر ہے تو جب آدمی مسجد میں آئے، سنتیں ادا کرے، امام کے ساتھ نماز پڑھے، اذکار کرے پھر سنتیں پڑھے تو پھر اجر و ثواب کی کیا کیفیت! اور کتنا محروم ہے وہ! اللہ مجھے، آپ کو، ہمارے کنبوں میں سے اور مسلمانوں میں سے کسی کو محروم نہ کرے۔ اور کتنا محروم ہے وہ، جو نماز سے محروم ہے، سنتوں سے محروم، رکوع سے محروم۔
آیئے اس دعا کا جس کی اتنی شان ہے ترجمہ سماعت فرما لیجیئے
اَشْہَدُ اَنْ لَااِلٰہَ اِلَّا اللَّہُ وَحْدَہ لَا شَرِيْکَ لَہ وَاَشْہَدُاَنَّ مُحَمَّداًعَبْدُہ وَرَسُوْلُہ اَللّٰہُمَّ اجْعَلْنِیْ مِنَ التَّوَابينَ وَاجْعَلْنِیْ مِنَ الْمُتَطَہِّرِينَ
ترجمہ: اَشْہَدُ اَنْ لَااِلٰہَ اِلَّا اللَّہُ وَحْدَہ میں گواہی دیتا ہوں کہ نہیں کوئی معبود مگر اللہ۔۔۔ تنہا۔ لَا شَرِیْکَ لَہ، اس کا کوئی شریک نہیں، وَاَشْہَدُاَنَّ مُحَمَّداًعَبْدُہ وَرَسُوْلُہ اور بے شک محمدﷺ ان کے بندے اور ان کے رسول ہیں۔ اَللّٰہُمَّ اجْعَلْنِیْ مِنَ التَّوَابينَ اے میرے اللہ! مجھے ان لوگوں میں شامل فرما دیجیئے جو بہت زیادہ توبہ کرتے ہیں، وَاجْعَلْنِیْ مِنَ الْمُتَطَہِّرِينَ اور ان میں سے شامل فرما دیجیئے جو بہت ہی زیادہ ستھرائی کا خیال رکھتے ہیں۔
اب میرے ساتھ تین دفعہ یہ دعاپڑھ لیجیے:
اَشْہَدُ اَنْ لَااِلٰہَ اِلَّا اللَّہُ وَحْدَہ لَا شَرِيْکَ لَہ وَاَشْہَدُاَنَّ مُحَمَّداًعَبْدُہ وَرَسُوْلُہ اَللّٰہُمَّ اجْعَلْنِیْ مِنَ التَّوَابينَ وَاجْعَلْنِیْ مِنَ الْمُتَطَہِّرِينَ
اللہ کریم اپنے فضل و کرم سے موت تک، موت کے آنے کے دن تک مجھے، آپ کو اچھا وضو کرنے کی توفیق عطا فرمائے (آمین)۔ اور وضو کے بعد یہ دعا پڑھنے کی توفیق سے محروم نہ فرمائے (آمین)۔ اللہ کریم اس دعا کے پڑھنے کا جو اجر و ثواب ہے، ہم سب کے نصیب میں فرمائے (آمین)۔ ہمارے پرکھوں میں، ہمارے بہن بھائیوں میں، ان کے پرکھوں میں، اور پوری امت میں اس دعا کو جاری فرمائے۔ اور ہمیں حقیقی معنوں میں بہت زیادہ توبہ کرنے والوں میں، اور بہت زیادہ ستھرائی کا خیال رکھنے والوں میں اپنی رحمت سے شامل فرمائے۔ (آمین)
وآخر دعوانا ان الحمدلله رب العالمين